تل ابیب( بین الاقوامی میڈیا)اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے لبنان میں فوجی کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کو اپنی سرگرمیاں بڑھانے کی ہدایت کر دی ہے۔
اسرائیلی نشریاتی ادارے کے مطابق نیتن یاہو نے کہا کہ بیوفورٹ قلعے پر قبضہ ایک ’’اہم اور ڈرامائی قدم‘‘ ہے جو اسرائیل کی سیکیورٹی پالیسی میں بڑی تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل شام، غزہ اور لبنان سمیت مختلف محاذوں پر اقدامات کر رہا ہے اور اپنی آبادی کے تحفظ کے لیے سرحدوں سے باہر سیکیورٹی زون قائم کیے جا رہے ہیں۔
نیتن یاہو کے مطابق انہوں نے اسرائیلی فوج کو ہدایت دی ہے کہ لبنان میں اپنی موجودگی مزید مضبوط بنائے اور ان علاقوں پر گرفت وسیع کرے جو ماضی میں حزب اللہ کے زیرِ اثر رہے ہیں۔اسرائیلی وزیرِاعظم نے دعویٰ کیا کہ اکتوبر 2023ء کے بعد سے حزب اللہ کے 8 ہزار جنگجو ہلاک کیے جا چکے ہیں، تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
رپورٹس میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک 13 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔ تازہ ترین واقعے میں گزشتہ شب حزب اللہ کے مبینہ ڈرون حملے میں ایک اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی ہے۔دوسری جانب لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کے پھیلاؤ پر بین الاقوامی سطح پر تشویش بڑھ رہی ہے، جبکہ متعدد ممالک اور عالمی ادارے کشیدگی میں اضافے کے بجائے جنگ بندی اور سفارتی حل پر زور دے رہے ہیں۔

