نیویارک (ایجنسیاں) نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی ستمبر میں متوقع نیویارک آمد کے موقع پر ان کی گرفتاری کے قانونی پہلوؤں پر محکمۂ قانون سے مشاورت جاری ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ظہران ممدانی نے نیتن یاہو کو جنگی جرائم کے الزامات کا سامنا کرنے والا رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے وارنٹ جاری ہونے کے بعد ان کا اصل مقام دی ہیگ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ستمبر میں نیویارک آنے والے ہیں، تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا انہیں نیویارک پولیس کو کسی غیر ملکی رہنما کی گرفتاری کے احکامات دینے کا قانونی اختیار حاصل ہے یا نہیں۔
ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ اسی قانونی اختیار اور دیگر متعلقہ معاملات کے بارے میں شہر کے محکمۂ قانون سے مشاورت جاری ہے، جس کے بعد آئندہ لائحۂ عمل طے کیا جائے گا۔

