واشنگٹن( امریکی کانگریس، میڈیا رپورٹس)امریکی ایوانِ نمائندگان میں ایران جنگ کے خاتمے سے متعلق ڈیموکریٹس کی پیش کردہ قرارداد ری پبلکن اراکین کی مخالفت کے باعث منظور نہ ہو سکی۔
رپورٹس کے مطابق قرارداد کے حق میں 212 ووٹ جبکہ مخالفت میں بھی 212 ووٹ ڈالے گئے، جس کے بعد ووٹ برابر ہوگئے اور قرارداد ناکام قرار دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق تین ری پبلکن اراکین نے قرارداد کی حمایت کی جبکہ ایک ڈیموکریٹ رکن نے مخالفت میں ووٹ دیا، جس سے صورتحال برابری پر پہنچ گئی۔
امریکی پارلیمانی اصولوں کے مطابق ووٹ برابر ہونے کی صورت میں قرارداد منظور نہیں سمجھی جاتی۔اس سے قبل امریکی سینیٹ میں بھی ایران جنگ ختم کرنے سے متعلق ایک قرارداد مسترد ہو چکی ہے۔
یہ تیسرا موقع ہے کہ ایوانِ نمائندگان میں ایران جنگ کے خاتمے کی کوشش ناکام ہوئی ہے، تاہم مبصرین کے مطابق بار بار ایسی قراردادوں کا پیش ہونا امریکا میں اس جنگ کے حوالے سے بڑھتی ہوئی سیاسی تقسیم اور غیر مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔

