واشنگٹن:ایران سے متعلق سوالات پر امریکی صدر ٹرمپ برہم

واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران جنگ کے دورانیے سے متعلق صحافیوں کے سوالات پر ایک بار پھر برہم ہو گئے۔صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ یہ صورتحال کب تک جاری رہے گی تو صدر ٹرمپ نے میڈیا کو فیک نیوز قرار دیتے ہوئے کہا کہ زمینی حقائق درست انداز میں پیش نہیں کیے جا رہے اور ایران کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے۔

جنگ بندی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں جلدی میں نہ ڈالا جائے، ویتنام اور عراق جنگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انتظامیہ کو ایران جنگ شروع کیے ابھی چند ہفتے ہی ہوئے ہیں۔امریکی صدر نے یہ تاثر بھی مسترد کیا کہ امریکا پر جنگ ختم کرنے کا دباؤ ہے اور کہا کہ ایران کو اپنے اندرونی مسائل سنبھالنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔

ایندھن کی قیمتوں سے متعلق سوال پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے کے لیے قیمتیں بڑھ سکتی ہیں، تاہم اس کے بدلے امریکا کو ایسا ایران ملے گا جو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ایران جنگ کے باوجود تیل کی قیمتیں توقع سے کم جبکہ اسٹاک مارکیٹ بلند سطح پر ہے۔