واشنگٹن(سی این این، بلوم برگ، عالمی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کو آگاہ کیا ہے کہ وہ شدید بحران کا شکار ہے اور خود کو تباہ شدہ سمجھ رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران چاہتا ہے کہ امریکا فوری طور پر آبنائے ہرمز کو کھول دے تاکہ تیل اور گیس کی ترسیل بحال ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو جلد از جلد کھولا جائے، جبکہ وہ ایرانی قیادت کی صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کے مطابق ایران اس مرحلے سے نکلنے کی کوشش کرے گا۔
ادھر امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے ایک تجویز پیش کی ہے جس میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی بات کی گئی ہے، جبکہ جوہری پروگرام سے متعلق معاملات کو بعد کی بات چیت کیلئے مؤخر کرنے کی تجویز شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے اس پیشکش کو فوری طور پر قبول کرنے کے اشارے نہیں دیے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے۔
بلوم برگ نے جہازوں کی نقل و حرکت کے ڈیٹا کے حوالے سے بتایا کہ ’مبارز‘ نامی ایل این جی ٹینکر خلیج فارس سے گزر کر بھارت کے جنوبی ساحل کے قریب پہنچ گیا، جو دو ماہ بعد پہلی بڑی ترسیل قرار دی جا رہی ہے۔

