واشنگٹن:وٹکوف اور کشنر کا دورہ پاکستان منسوخ کردیا:ٹرمپ

واشنگٹن( رائٹرز، اے ایف پی، امریکی میڈیا)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر کا دورۂ پاکستان منسوخ کر دیا ہے۔امریکی صدر نے اعلان کیا کہ ایران میں ممکنہ جنگ کے خاتمے پر بات چیت کیلئے اسلام آباد کا طے شدہ دورہ اب نہیں ہوگا۔

ٹرمپ کے مطابق انہوں نے اپنے وفد کو ہدایت دی کہ وہ طویل سفر کر کے پاکستان نہ جائیں، ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس تمام کارڈز موجود ہیں، ایرانی جب چاہیں ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں، مگر غیر ضروری بات چیت کے لیے 18 گھنٹے کا سفر نہیں کیا جائے گا۔‘

یاد رہے کہ اس دورے پر اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کو امریکا سے اسلام آباد روانہ ہونا تھا تاکہ ایران سے متعلق ممکنہ مذاکرات پر بات چیت کی جا سکے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں میں مصروف ہے۔