واشنگٹن:ٹرمپ سے ملاقات نہ ملنے پر نیتن یاہو کا مجوزہ دورۂ امریکا منسوخ

واشنگٹن (رائٹرز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی درخواست پر وائٹ ہاؤس کی جانب سے مثبت جواب نہ ملنے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے آئندہ ہفتے کا مجوزہ دورۂ امریکا منسوخ کر دیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو صدر ٹرمپ سے ملاقات کے خواہش مند تھے، تاہم ایسی کوئی ملاقات امریکی صدر کے سرکاری شیڈول میں شامل نہیں کی گئی۔وائٹ ہاؤس کے حکام کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو اس ملاقات کو طے شدہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے تھے، حالانکہ اس کی باضابطہ منظوری نہیں دی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نیتن یاہو کے ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو پر بھی ناراض ہیں، جس میں اسرائیلی وزیراعظم نے ترکیہ کو جدید جنگی طیارے فروخت کرنے کے امریکی منصوبے پر تنقید کی تھی۔امریکی حکام کے مطابق صدر ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ اس معاملے میں نیتن یاہو کو مداخلت کا حق نہیں تھا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے امریکا کو یہ اطلاع بھی دی تھی کہ ایران کی جانب سے ترکیہ میں صدر ٹرمپ پر ممکنہ حملے کا خطرہ موجود ہے، تاہم بعد ازاں امریکی اور ترک حکام نے اس اطلاع کو غیر مصدقہ قرار دے دیا۔امریکی حکام کے مطابق اس اطلاع کی حمایت میں قابلِ اعتماد شواہد موجود نہیں تھے، جبکہ امریکا میں بھی نیتن یاہو کے حوالے سے ناراضی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

نائب صدر جے ڈی وینس سمیت متعدد امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو نے ایران کے ساتھ جنگ سے متعلق حد سے زیادہ خوش آئند اندازے پیش کیے، جو بعد میں درست ثابت نہیں ہوئے۔ادھر امریکی ایوانِ نمائندگان میں 103 ارکان نے اسرائیل کے لیے 3 ارب ڈالر کی امداد میں کٹوتی کے حق میں ووٹ دیا، جسے نیتن یاہو حکومت کے لیے ایک اہم سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔