واشنگٹن:ٹرمپ نے ایران کا جواب ناقابلِ قبول قرار دے دیا

واشنگٹن(امریکی میڈیا، وال اسٹریٹ جرنل)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جواب کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کی جانب سے دیا گیا جواب قابلِ قبول نہیں۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ایران کے نام نہاد نمائندوں کا جواب پڑھا ہے لیکن انہیں یہ پسند نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا جواب مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے ریکارڈ کیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دے گا اور ایران کا یورینیم حاصل کیا جائے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران میں تقریباً 70 فیصد اہداف کو نشانہ بنا چکا ہے جبکہ چند اہداف اب بھی باقی ہیں، ضرورت پڑی تو مزید دو ہفتے تک حملے جاری رکھے جا سکتے ہیں۔ایک اور بیان میں امریکی صدر نے الزام عائد کیا کہ ایران گزشتہ 47 برس سے امریکا اور دنیا کے ساتھ تاخیر اور مذاکرات کا کھیل کھیل رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا جواب ثالث پاکستان کے ذریعے واشنگٹن تک پہنچایا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایران نے جنگ کے خاتمے سے متعلق امریکی تجویز کا تفصیلی جواب دیا ہے اور عارضی طور پر یورینیم افزودگی روکنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

تاہم ایران نے امریکا کا 20 سال تک یورینیم افزودگی نہ کرنے کا مطالبہ مسترد کردیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران نے مرحلہ وار جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کو بتدریج کھولنے کی تجویز بھی دی ہے جبکہ امریکی پابندیاں اور بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایران نے جوہری معاملات پر آئندہ 30 روز میں مذاکرات کی تجویز دی ہے، تاہم جوہری تنصیبات ختم کرنے کا امریکی مطالبہ مسترد کردیا گیا ہے۔