ورسائی:ٹرمپ نے ایران، امریکا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے

ورسائی(غیر ملکی میڈیا، ایرانی وزارتِ خارجہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی موجودگی میں دستخط کر دیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے فرانس کے تاریخی ورسائی محل میں ایران، امریکا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، جسے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق امریکا نے ایران کے ساتھ طے پانے والی 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جبکہ اس دستاویز کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا عنوان دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے معاہدے کے بعد ہونے والے آئندہ مذاکرات سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ فی الحال جمعہ کے روز مذاکرات کی حتمی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ چند گھنٹے قبل تک متعلقہ اجلاس طے شدہ تھا، تاہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد اس اجلاس کو عارضی طور پر مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسماعیل بقائی نے مزید بتایا کہ جمعہ کو ممکنہ ملاقات سے متعلق فیصلہ آئندہ چند گھنٹوں میں متوقع ہے، جبکہ جنیوا میں مختلف وفود کی شرکت بدستور شیڈول کے مطابق برقرار ہے۔