اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر بطور ثالث دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد پاکستان نے باضابطہ طور پر معاہدے کی ثالثی اور توثیق میں اپنا کردار مکمل کر دیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دستخط پہلے ہی موجود تھے، جبکہ اب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ثالث کی حیثیت سے اس دستاویز پر دستخط کر دیے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور ایران نے جنگ کے خاتمے، کشیدگی میں کمی اور آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے کھولنے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر مقررہ وقت سے قبل دستخط کیے، جس کے بعد یہ معاہدہ نافذ العمل ہو چکا ہے۔
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران، امریکا مفاہمتی یادداشت پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی موجودگی میں دستخط کیے، جبکہ ایرانی سرکاری میڈیا نے صدر مسعود پزشکیان کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں انہیں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق معاہدے پر عمل درآمد کے لیے آئندہ مراحل میں تکنیکی اور سفارتی سطح پر رابطوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا، جبکہ پاکستان بطور ثالث اس عمل میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

