وزیراعظم شہباز شریف کا دورۂ سوئٹزرلینڈ منسوخ، سفارتی ذرائع نے وجہ بتا دی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا آج متوقع دورۂ سوئٹزرلینڈ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو آج سوئٹزرلینڈ روانہ ہونا تھا، تاہم سفارتی پیش رفت کے باعث دورہ مؤخر کر دیا گیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط مکمل ہو چکے ہیں، جس کے بعد اعلیٰ سطح کے اس دورے کی فوری ضرورت کم ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق معاہدہ مکمل طور پر فعال ہے اور پاکستان اس کے نفاذ اور آئندہ مراحل میں اپنا مرکزی کردار برقرار رکھے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ اعلیٰ سطح کی سیاسی پیش رفت کے بعد اب تکنیکی اور ماہرین کی سطح پر مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے گا، جن میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق آئندہ مذاکرات میں پابندیوں میں ممکنہ نرمی، بحری سلامتی، جوہری معاملات، تصدیقی نظام، عمل درآمد کے طریقۂ کار اور علاقائی یقین دہانیوں سمیت مختلف نکات زیر غور آئیں گے، جو مفاہمتی یادداشت کا حصہ قرار دیے جا رہے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت ابتدائی تکنیکی مذاکرات کل برگن اسٹاک ریزورٹ میں متوقع ہیں۔

یاد رہے کہ سرکاری سطح پر جاری بیانات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان معاہدے پر دستخط کر چکے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بطور ثالث اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں امریکی صدر، ایران کی اعلیٰ قیادت اور ایرانی صدر کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس پیش رفت کو ممکن بنانے اور علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی سفارتی کوششوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔