وسطی غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملہ، 3 فلسطینی پولیس اہلکار شہید

غزہ ( فلسطینی وزارتِ داخلہ، حماس)وسطی غزہ کے المغازی پناہ گزین کیمپ کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے میں 3 فلسطینی پولیس اہلکار شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

فلسطینی وزارتِ داخلہ کے مطابق حملے میں پولیس کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ شہید اہلکاروں کی شناخت کیپٹن منصور سمی شحتوت، کیپٹن محمد خالد نوفل اور فرسٹ سارجنٹ مہدی نادر جبر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

وزارتِ داخلہ نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا مقصد غزہ میں بدامنی اور افراتفری پھیلانا ہے۔وزارت نے عالمی برادری اور جنگ بندی کے ضامن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر حملے روکنے اور جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے دباؤ ڈالیں۔

دوسری جانب حماس نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے اگلے مرحلے پر عمل درآمد کے لیے فلسطینی دھڑوں اور ثالث ممالک کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔حماس کے مطابق غزہ پر اسرائیلی حملے اور انسانی امداد کی ترسیل پر عائد پابندیاں جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی ہیں۔