وینزویلا میں تباہ کن زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 188 ہوگئی، 1500 سے زائد زخمی

کاراکاس(برطانوی میڈیا، مقامی حکام)وینزویلا میں پے در پے 7.2 اور 7.5 شدت کے طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 188 ہو گئی، جبکہ 1500 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ملکی حکام کے مطابق متعدد عمارتیں منہدم ہونے کے باعث سیکڑوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اور ریسکیو کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

قائم مقام صدر نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے متاثرہ ساحلی علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق تقریباً 30 ہزار افراد لاپتا ہیں، جبکہ دارالحکومت کاراکاس میں کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں۔

شدید زلزلے کے باعث کاراکاس کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی متاثر ہوا، جس کے بعد پروازوں کا آپریشن معطل کر دیا گیا۔حکام کے مطابق ہزاروں متاثرین کھلے آسمان تلے سڑکوں پر رات گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ امدادی ادارے متاثرہ افراد کو خوراک، پانی اور طبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔