وینکوور (نامہ نگار)کینیڈا کی وفاقی حکومت نے تمام اہل بالغ شہریوں کیلئے آن لائن پاسپورٹ تجدید کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب اہل درخواست گزار گھر بیٹھے آن لائن پاسپورٹ کی تجدید کر سکیں گے۔
امیگریشن، مہاجرین و شہریت کی وزیر لینا میٹلیج دیاب نے اعلان کیا کہ آن لائن پاسپورٹ تجدید کی درخواست میں فارم، تصویر اور فیس مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے جمع کرائی جا سکے گی، جس سے سروس کینیڈا مراکز کے چکر لگانے یا دستاویزات ڈاک کے ذریعے بھیجنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ نئی سہولت دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد اور نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا کرنے والے شہریوں کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہوگی، تاہم ذاتی طور پر اور ڈاک کے ذریعے درخواست دینے کی سہولت بھی بدستور برقرار رہے گی۔
وفاقی حکومت کے مطابق آن لائن تجدید کی درخواستوں پر بھی 20 کاروباری دن میں کارروائی کی جائے گی اور درخواست گزار اپنی درخواست کی پیش رفت کو آن لائن دیکھ سکیں گے۔
حکومت نے واضح کیا کہ جن افراد کو فوری پاسپورٹ درکار ہو، انہیں سروس کینیڈا سینٹر یا پاسپورٹ آفس جا کر 10 کاروباری دن، ایکسپریس یا ہنگامی سروس کے ذریعے درخواست دینا ہوگی، جبکہ بیرونِ ملک مقیم کینیڈین شہری بدستور ڈاک یا کینیڈا کے سفارتی دفاتر کے ذریعے پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

