واشنگٹن (امریکی میڈیا)امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انقرہ سے واپسی پر ایران کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں سیکرٹ سروس کے مشورے پر قطر کی جانب سے تحفے میں ملنے والے طیارے کے بجائے پرانے ایئر فورس ون میں سفر کیا۔
رپورٹس کے مطابق نیٹو کانفرنس کے اختتام پر صدر ٹرمپ نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر تحفے میں ملنے والا طیارہ استعمال نہیں کیا۔
صدر ٹرمپ سے جب اس حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ ان افراد کی فہرست میں سرفہرست ہیں جنہیں ایران نشانہ بنانا چاہتا ہے، تاہم ان کے بقول طیارے کی تبدیلی کا فیصلہ براہِ راست سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے نہیں کیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق جس پرانے ایئر فورس ون میں صدر ٹرمپ نے سفر کیا، اس میں دورانِ پرواز مسافروں کو کھڑکیوں کے شیڈز اٹھانے کی اجازت نہیں دی گئی۔اس بارے میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کھڑکیوں کے شیڈز اوپر کرنے کی اجازت اس لیے نہیں تھی کیونکہ یہ ممکنہ طور پر ایک خطرناک پرواز تھی۔رپورٹس کے مطابق مذکورہ طیارے نے دورانِ پرواز بحیرۂ اسود عبور کرنے تک اپنا فلائٹ ٹریکر بھی بند رکھا۔

