ٹرمپ نے ایرانی کشتیوں پر مبنی اے آئی تصویر شیئر کر کے ’الوداع‘ لکھ دیا

واشنگٹن(امریکی سوشل میڈیا، غیر ملکی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ ڈیل سے متعلق اعلان سے قبل سوشل میڈیا پر ایک مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جنگی تصویر شیئر کی ہے، جس میں ایرانی کشتیوں کی تباہی کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

تصویر پر ہسپانوی زبان کا لفظ “Adios” درج تھا جس کا مطلب “الوداع” یا “بائے بائے” ہے۔ صدر ٹرمپ نے اسی کے ساتھ “الوداع” کا لفظ بھی تحریر کیا۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر ٹرمپ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی یا معاہدے سے متعلق اہم بیان جاری کریں گے۔

سوشل میڈیا پر اس پوسٹ کے بعد مختلف حلقوں میں یہ بحث بھی جاری ہے کہ آیا یہ پیغام ممکنہ معاہدے کی طرف اشارہ ہے یا کشیدگی میں اضافے کا عندیہ۔دوسری جانب تجزیہ کاروں کے مطابق صدر ٹرمپ کے اس اندازِ بیان سے واضح سمت اخذ کرنا قبل از وقت ہے، تاہم خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور مذاکراتی صورتحال بدستور غیر یقینی بنی ہوئی ہے۔