ٹرمپ نے مذاکرات کی درخواست کی ہے:ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی

تہران / ماسکو (ایجنسیاں)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مذاکرات کی درخواست کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، اسی لیے اب مذاکرات کی پیشکش کی گئی ہے، اور تہران اس معاملے پر غور کر رہا ہے۔

اس سے قبل ماسکو میں ایرانی وزیر خارجہ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی، جس میں روس نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ روس خطے کے ممالک اور خصوصاً ایران کے مفادات کے مطابق اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، اور ایران و روس کے اسٹریٹجک تعلقات جاری رہیں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی عوام جلد مشکل دور سے نکل آئیں گے اور خطے میں امن قائم ہوگا۔عباس عراقچی اس سے قبل یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اسلام آباد کے دورے میں پاکستانی حکام کے ساتھ مثبت مشاورت ہوئی تھی۔