ٹرمپ کی ایران کے پاور پلانٹس اور پلوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

واشنگٹن (امریکی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صورتحال نہ بدلی تو ایران کے پاور پلانٹس اور پلوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ منگل کو ایران کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کیے جا سکتے ہیں، اور دونوں اہداف بیک وقت نشانے پر ہوں گے۔

امریکی صدر نے ایک اور دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فورسز نے ایران کے پہاڑی علاقے سے ایک ایف-15 طیارے کے زخمی افسر کو انتہائی خطرناک آپریشن کے ذریعے بازیاب کرایا۔ ان کے مطابق ایرانی فورسز بھی اس مقام کے قریب پہنچ چکی تھیں، تاہم امریکی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے افسر کو نکال لیا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے ریسکیو مشنز شاذ و نادر ہی انجام دیے جاتے ہیں کیونکہ ان میں عملے اور سازوسامان دونوں کو غیر معمولی خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک دوسرے آپریشن میں ایک امریکی پائلٹ کو دن کی روشنی میں نکالا گیا اور اس دوران امریکی طیارے طویل وقت تک ایرانی حدود کے قریب موجود رہے۔

صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اسے فوری طور پر کھولا جائے، بصورت دیگر ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔