ٹرمپ کی عمان کو بھی تنبیہ، آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے بیان سے کشیدگی بڑھ گئی

واشنگٹن(امریکی میڈیا، وائٹ ہاؤس)امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے ایران کے ساتھ ساتھ امریکا کے اتحادی ملک سلطنتِ عمان کو بھی سخت لہجے میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں کسی بھی ملک کو یکطرفہ رویہ اختیار نہیں کرنے دیا جائے گا۔

کابینہ اجلاس کے دوران ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ کوئی بھی ملک آبنائے ہرمز پر کنٹرول نہیں کر سکتا کیونکہ یہ عالمی آبی گزرگاہ ہے، اور امریکا اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ملک عالمی قوانین سے ہٹ کر رویہ اختیار کرے گا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کا اشارہ مبینہ طور پر عمان کے ایران کے ساتھ بحری راستوں سے متعلق کردار کی جانب تھا۔

ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا خطے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعلقات رکھتا ہے لیکن کسی بھی صورت میں عالمی تجارتی راستوں پر یکطرفہ کنٹرول قبول نہیں کیا جائے گا۔

ایران سے ممکنہ معاہدے سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں سیاسی دباؤ یا آئندہ انتخابات کی پرواہ نہیں، اور امریکی پالیسی قومی سلامتی کے مفاد میں جاری رہے گی۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز اور خلیج کے خطے میں کشیدگی پہلے ہی انتہائی بلند سطح پر ہے۔