ٹورنٹو:باوقار سیاست دان و سماجی کارکن خالد عثمان انتقال کر گئے

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)کینیڈا کی مسلم کمیونٹی کے باوقار سیاست دان،معروف سماجی کارکن اور ہر دلعزیز شخصیت خالد عثمان انتقال کر گئے۔اِنَّا لِلّٰهِ وَاِنَّا اِلَيْهِ رَاجِعُوْنَ. ان کے انتقال کی خبر پر کمیونٹی، سماجی حلقوں اور عزیز و اقارب میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

خالد عثمان ایک باوقار سماجی رہنما، عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت اور فلاحی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والے فرد تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی انسانیت، انصاف، سماجی بہبود اور کمیونٹی کی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی خدمات اور لوگوں کے ساتھ حسنِ سلوک کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائیگا۔

اہلِ خانہ کی جانب سے جاری تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ مرحوم کے انتقال پر دل غم سے نڈھال ہیں، تاہم اللہ تعالیٰ کی رضا پر کامل ایمان رکھتے ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی لغزشوں کو معاف فرمائے، ان کی نیکیوں کو قبول کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔

اہلِ خانہ کی جانب سےاعلامیے کے مطابق مرحوم خالد عثمان کی نمازِ جنازہ پیر یکم جون 2026ء کو ادا کی جائے گی۔ آخری دیدار کیلئے دوپہر ساڑھے بارہ بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے جبکہ نمازِ جنازہ نمازِ ظہر کے بعد ادا ہوگی۔

نمازِ جنازہ Islamic Foundation of Toronto میں ادا کی جائے گی۔نمازِ جنازہ کے فوری بعد مرحوم کی تدفین Pine Ridge Memorial Gardens میں کی جائیگی۔

مرحوم کیلئے تعزیتی اجتماع پیر یکم جون کو شام چار بجے Crystal Fountain Banquet Hall میں منعقد ہوگا جبکہ مرحوم کے ایصالِ ثواب کیلئےاجتماعی عشائیہ منگل 2 جون 2026ء کو شام چھ بجے اسی مقام پر رکھا گیا ہے۔

مرحوم اپنے پسماندگان میں عابدہ ،حنا،عمران،ربیعہ،ماریہ اورعادل سمیت ایک وسیع حلقۂ احباب سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے انتقال کو کمیونٹی کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم خالد عثمان کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین۔