ٹورنٹو (سی بی سی نیوز) کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو کے شمال مغربی علاقوں میں جاری جنگلاتی آگ کے دھوئیں نے ٹورنٹو سمیت جنوبی اونٹاریو کے وسیع علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث فضائی آلودگی میں نمایاں اضافہ اور حدِ نگاہ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماحولیاتی ادارے انوائرمنٹ کینیڈا کے مطابق شمال مغربی اونٹاریو میں بھڑکنے والی جنگلاتی آگ سے اٹھنے والا دھواں جنوبی اونٹاریو تک پہنچ گیا ہے، جس کے نتیجے میں ٹورنٹو اور گردونواح میں فضا دھند آلود ہو گئی۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ یہ صورتحال کم از کم جمعہ کی صبح تک برقرار رہ سکتی ہے۔
سی بی سی نیوز کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں ایک ہی مقام کی دو مختلف دنوں میں لی گئی تصاویر کا موازنہ کیا گیا ہے، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ صرف ایک روز کے اندر ٹورنٹو کا صاف آسمان دھوئیں کی دبیز تہہ میں تبدیل ہو گیا۔
انوائرمنٹ کینیڈا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب فضائی معیار کے باعث غیر ضروری بیرونی سرگرمیاں مؤخر یا منسوخ کر دیں، جبکہ بچوں، بزرگوں، حاملہ خواتین اور سانس یا دل کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شمال مغربی اونٹاریو میں 100 سے زائد جنگلاتی آگ اب بھی مختلف مقامات پر جل رہی ہیں، جن میں سے متعدد پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔ شدید گرمی، خشک موسم اور تیز ہواؤں کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے، جبکہ کئی فرسٹ نیشنز کمیونٹیز کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

