ٹورنٹو : قونصلیٹ جنرل آف پاکستان میں یوم پاکستان کی تقریب

ٹورنٹو (اشرف خان لودھی) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان ٹورنٹو میں یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ہائی کمیشن کے افسران عملے اور کمیونٹی کے معزز ارکان نے شرکت کی، اس موقع پر صدر، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

قونصل جنرل پاکستان خلیل احمد باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام پاکستانی کینیڈینز کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی اور دعا کی کہ پاکستان ترقی کی راہ پر مزید کامیابیاں حاصل کرے اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اس میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔

اس موقع پر انہوں نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے قرارداد پاکستان کی تاریخی اہمیت اور قیام پاکستان کے لیے بزرگوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

کمرشل اتاشی التمش جنجوعہ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا پیغام پڑھ کر سنایا، جس میں یوم پاکستان کو قومی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ 23 مارچ 1940 کو مسلم قیادت نے ایک آزاد وطن کے قیام کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کا آغاز کیا، جو قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں 14 اگست 1947 کو کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔

کونسلرسندس علی خان نے کہایہ میرے لئے اعزازہے کہ میں آج آپ سب کویوم پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب میں خوش آمدیدکہہ رہی ہوں۔اس پرچم کشائی کے بعدتقریب میں دیگرمقررین بھی خطاب کرینگے جس میں وہ یوم پاکستان کے حوالے سے اظہارخیال کرینگے۔

اونٹاریو لبرل کانگریس کی جانب سے رکن صوبائی اسمبلی سٹیفنی بومن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان پاکستان کی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، جو آزادی کی جدوجہد اور ایک خوشحال ریاست کے قیام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ اقدار ایک پرامن اور ترقی پسند معاشرے کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے اپنے حلقے گرینڈ ویلی ویسٹ اور تھورنٹن پارک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نژاد کینیڈین شہری اپنی فلاحی سرگرمیوں اور مضبوط کمیونٹی اسپرٹ کے ذریعے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، اور انہیں اس کمیونٹی کی نمائندگی پر فخر ہے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔