پاسدارانِ انقلاب کا شام میں امریکی اسپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر پر حملے کا دعویٰ

تہران (ایجنیساں) ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فوجیوں کی شہادت کے جواب میں شام کے علاقے التنف میں قائم امریکی اسپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر پر اچانک حملہ کیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حملے کے دوران امریکی فوج کا ایک ریڈار سسٹم اور متعدد اسپیشل آپریشنز ہیلی کاپٹر تباہ کیے گئے، جبکہ بڑی تعداد میں امریکی فوجی بھی ہلاک ہوئے۔پاسدارانِ انقلاب نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول برقرار ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک ایران پر امریکی حملے جاری رہیں گے، آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل اور گیس کی کسی بھی قسم کی برآمد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تاہم امریکی حکام کی جانب سے ایرانی دعوؤں کی فوری طور پر کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، جبکہ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔