پاکستانی کمیونٹی کو قونصل خانے کی نئی عمارت سے بہتر سہولتیں میسر آئیں گی: محمدسلیم

ٹورنٹو (اشرف خان لودھی سے) پاکستان کے قونصل جنرل محمدسلیم نے کہا ہے کہ ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل خانے کی نئی عمارت کا محلِ وقوع پاکستانی کمیونٹی کیلئے زیادہ موزوں ہے، جہاں رسائی آسان ہونے سے وقت اور سفری دشواری دونوں میں نمایاں کمی آئے گی۔

جنگ نیوز کینیڈا کے چیف ایڈیٹر اشرف خان لودھی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل محمدسلیم نے کہا کہ قونصل خانے کا سابقہ دفتر مارکھم کے علاقے میں کرائے کی عمارت میں قائم تھا، جبکہ نئی عمارت یارک لینڈ کے علاقے میں واقع ہے، جو گریٹر ٹورنٹو ایریا کے لحاظ سے ایک مرکزی مقام رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاؤن ٹاؤن ٹورنٹو، مارکھم، اوشاوا، برمپٹن، مسی ساگا اور دیگر ملحقہ علاقوں سے آنے والے افراد کیلئےیہ مقام زیادہ آسان اور موزوں ہے، کیونکہ یہ مرکزی شاہراہوں سے براہِ راست منسلک ہے۔

قونصل جنرل محمدسلیم کا کہنا تھا کہ خاص طور پر موسمِ سرما میں برف باری اور خراب موسمی حالات کے دوران کمیونٹی کے افراد کو سابقہ مقام تک پہنچنے میں مشکلات پیش آتی تھیں، تاہم نئی عمارت کی ہائی ویز تک براہِ راست رسائی کے باعث آمدورفت پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ سہل ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ نئی عمارت بھی کرائے پر حاصل کی گئی ہے، تاہم یہ سابقہ دفتر کے مقابلے میں زیادہ کشادہ اور جدید سہولتوں سے آراستہ ہے۔ عمارت میں زیرِ زمین پارکنگ، لفٹ اور شہریوں کی سہولت کیلئےدیگر تمام ضروری انتظامات موجود ہیں۔

قونصل جنرل نے اظہارِ امید کیا کہ نئی عمارت میں منتقلی سے پاکستانی کمیونٹی کو قونصلر خدمات کے حصول میں مزید آسانی میسر آئے گی اور مرکزی شاہراہ سے منسلک ہونے کی وجہ سے لوگوں کا وقت اور سفری اخراجات بھی کم ہوں گے۔

گفتگو کے اختتام پر جنگ نیوز کینیڈا کے چیف ایڈیٹر اشرف خان لودھی نے قونصل جنرل محمدسلیم کو قونصل خانے کی نئی عمارت کے افتتاح پر مبارکباد دی، جس پر قونصل جنرل نے ان کا شکریہ ادا کیا۔