اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ ٹورنٹو، مونٹریال اور وینکوور میں پاکستانی قونصل خانوں میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ جوش و خروش سے منائی گئی اور افواجِ پاکستان و شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم اور نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں پاکستانی قوم کے عزم اور افواجِ پاکستان کی بہادری کو سراہا گیا۔

پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے خطاب میں معرکۂ حق کے دوران پاکستانی مسلح افواج کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مئی 2025 میں آپریشن بنیان المرصوص کے دوران اپنے دفاع کے جائز حق کا استعمال کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون پر ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔
ہائی کمشنر محمد سلیم کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کی کامیابی اس بات کی یاد دہانی ہے کہ قومیں صرف عسکری طاقت سے نہیں بلکہ اپنے جائز حقوق اور قومی مفادات کے دفاع کیلئےعوام کے عزم اور اتحاد سے مضبوط ہوتی ہیں۔تقریب میں شہداء کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معرکۂ حق آنے والے وقتوں میں بھی قوم کو مزید مضبوط اور پرعزم بنانے کیلئےتحریک دیتا رہے گا۔

