سنگاپور ( بی بی سی، رائٹرز، اے ایف پی)امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے پاکستان کے میزائل پروگرام سے متعلق سوال کے جواب میں کہا ہے کہ امریکا اس وقت نہ پاکستان اور نہ ہی بھارت کو اپنے لیے براہِ راست خطرہ سمجھتا ہے۔
سنگاپور میں شنگریلا ڈائیلاگ سے خطاب اور سوالات کے جواب دیتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ نے پاکستان کے ممکنہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل پروگرام اور بھارت کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تجربات کے بارے میں تبصرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایک دوسرے کے حوالے سے سکیورٹی خدشات رکھتے ہیں، جو کسی حد تک قابلِ فہم ہیں، اگرچہ بعض معاملات کو مختلف زاویے سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
امریکی وزیرِ دفاع نے کہا کہ واشنگٹن کی موجودہ پالیسی کے مطابق نہ پاکستان اور نہ ہی بھارت کو امریکا کیلئےبراہِ راست خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے اپنے اپنے دائرۂ کار میں عالمی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے اور امریکا اس پر قدردانی کا اظہار کرتا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ برسوں کے دوران پاکستان کے میزائل پروگرام اور اس کی طویل فاصلے تک مار کرنے والی صلاحیتوں پر امریکی پالیسی ساز حلقوں میں مختلف خدشات اور بحث جاری رہی ہے۔امریکی وزیرِ دفاع کے حالیہ ریمارکس کو اس تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ انہوں نے ماضی کے بعض امریکی بیانات کے برعکس پاکستان کے میزائل پروگرام کو امریکا کے لیے فوری یا براہِ راست خطرہ قرار دینے سے گریز کیا۔

