پاک چین دوستی امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے طاقتور قوت رہے گی: شہباز شریف

بیجنگ( سرکاری اعلامیہ، چینی میڈیا)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدلتی ہوئی دنیا میں پاکستان اور چین کی دوستی امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کیلئے ایک طاقتور قوت رہے گی۔اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ “پاک چین اسٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون رہے گی۔

شہباز شریف نے بتایا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ان کی خوشگوار ملاقات ہوئی، جس میں اسحاق ڈار اور عاصم منیر بھی شریک تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے امن کیلئےپاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی مستقل حمایت پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا اور علاقائی امن و استحکام کیلئے ان کی دور اندیشی پر مبنی چار نکاتی تجویز کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں اسٹریٹیجک ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے اور سی پیک کی ترقی کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم کے مطابق دونوں رہنماؤں نے صنعت، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، صاف توانائی، ڈیجیٹل تبدیلی اور خلائی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر بھی گفتگو کی۔