پشاور (نامہ نگار) پشاور کی کوہاٹ روڈ پر واقع بینک میں ڈاکوؤں نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے اور 441 تولہ سونا لوٹ لیا۔
تفتیشی حکام کے مطابق ڈاکو دیوار پھاڑ کر بینک میں داخل ہوئے اور ساتھ لائے گئے گیس سلنڈر کے ذریعے داخلے کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں کو بند کر دیا۔ بینک میں موجود تین ایمرجنسی الارم پانچ بار بجنے کے باوجود کوئی فوری کارروائی نہیں ہوئی۔
حکام نے بتایا کہ بینک میں نہ سیکیورٹی گارڈ تعینات تھے اور نہ ہی الارم کمپنی نے آپریشن منیجر کو بروقت اطلاع دی۔ واردات کے حوالے سے مقدمہ درج کر لیا گیا اور پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئےکارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

