پشاور (نامہ نگار)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ انہوں نے پہلے ہی دن واضح کر دیا تھا کہ وہ احتجاجی سیاست کے چیمپئن ہیں۔پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وفاقی حکومت کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا ہے اور وہ ساڑھے چار کروڑ عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور اسپیکر کو بھی خطوط لکھے گئے، تاہم انہیں اپنے لیڈر سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ ان کا پاسپورٹ بلاک کر دیا گیا ہے جبکہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے لیے اربوں روپے کا جہاز خریدا جا رہا ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ تحریک بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے شروع کی گئی ہے، اور خیبر پختونخوا میں ایک مقام کا انتخاب کیا جائے گا جہاں وہ اور دیگر پارلیمنٹرینز حلف اٹھائیں گے۔

