پی ایس ایل 11:کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی لنکا ڈھا دی

کراچی کنگز نے 181 رنزبناۓ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 167 رنز بناسکی،حسن علی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

گیارہویں پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی کو ڈھیر کردیا۔ قذافی سٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔کراچی کنگز کو پہلے ہی اوورز میں نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر محمد وسیم بغیر کوئی رن بناۓ پویلین لوٹ گۓ۔بعد میں کپتان ڈیوڑ وارنر اور سلمان آغا نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔

سلمان آغا 22 رنز بنا کر احمد دانیال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گۓ۔سعد بیگ نے 6 چوکوں کی مدد سے 30 رنز ،اعظم خان نے 14 رنز،خوشدل شاہ نے 12 رنز بناۓ،معین علی کراچی کنگز کی طرف سے ٹاپ اسکورر رہے انہوں نے 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 48 رنز بناۓ اور ناٹ آؤٹ رہے۔ان کے ساتھ حسن علی 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔کراچی کنگز مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے احمد دانیال نے 4 اوورز میں 36 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ الزاری جوزف نے 2 جبکہ،ابرار احمد اور عثمان طارق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کراچی کنگز نے182 رنز کا ٹارگٹ دیا جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر مقررہ 20 اوورز میں 167 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

اوپنرز سعود شکیل اور شامل حسین نے اننگ کے آغاز میں کراچی کنگزکے باؤلرز کی درگت بنانی شروع کر دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ آٹھویں اوورز میں گری جب اوپنر شامل حسین اپنی شاندار نصف سینچری بنا کر سلمان آغا کی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں باونڈری پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین سدھار گۓ۔شامیل حسین نے 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد دے 52 رنز بناۓ۔کپتان سعود شکیل 6چوکوں کی مدد سے 33رنز بنا کرمعین علی کی گیند پر خوشدل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوۓ۔

ریلی روسو 3 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کلیںن بولڈ ہوۓ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مطلوبہ ٹارگٹ پورا کرنے میں ناکام رہی۔ایک وقت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 6 اوورز میں75 رنز تھے لیکن اس کے بعد کوئٹہ گلیڈی کے بیٹرز یہ رفتار برقرار نہ رکھ سکے اور مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 167 رنز پر ہی بریک لگ گئی۔

کراچی کنگز کی طرف سے حسن علی نے تباہ کن باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوۓ 4 اوورز میں 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔معین علی،میر حمزہ اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ حسن علی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔میچ میں امپائرنگ کے فرائض شرف الدولہ اور طارق رشید نے انجام دیۓ،ٹی وی امپائراحسن رضا جبکہ میچ ریفری کامران چوہدری تھے۔