چارسدہ فائرنگ: جے یو آئی کے سابق ایم پی اے مولانا محمد ادریس جاں بحق

چارسدہ (نامہ نگار)چارسدہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سابق رکن صوبائی اسمبلی مولانا محمد ادریس جاں بحق جبکہ سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد وقاص کے مطابق مولانا محمد ادریس گھر سے مدرسے جا رہے تھے کہ اتمانزئی کے قریب نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں مولانا محمد ادریس موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ان کے ساتھ موجود 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئےپشاور منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، فاروقِ اعظم چوک اور رجڑ بازار میں جے یو آئی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔