تائی یوان (چینی خبر ایجنسی) چین کے شمالی صوبہ شانسی کے شہر تائی یوان میں ایک عمارت میں آگ لگنے سے 3 افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے۔رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ کنزیان اسٹریٹ کی عمارت میں گزشتہ شب تقریباً 8 بجے پیش آیا، تاہم فوری کارروائی کے باعث آگ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ عمارت میں ایک ہوٹل بھی موجود ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ زیادہ تر عمارت کی بیرونی دیواروں تک محدود رہی۔
مزید برآں دکانوں کے سامنے کھڑی متعدد برقی سائیکلیں بھی جل گئیں۔حکام نے آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔واضح رہے کہ یہی عمارت نومبر 2023 میں بھی آتشزدگی کا شکار ہوئی تھی، جس میں مبینہ طور پر 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

