ڈیزل سے لدا پاکستانی جہاز آبنائے ہرمز سے واپس: شپنگ ذرائع

کراچی/خلیج(شپنگ ذرائع، عالمی میڈیا رپورٹس)ڈیزل سے لدا پاکستانی جہاز آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کے بعد واپس لوٹ گیا۔شپنگ ذرائع کے مطابق ایرانی اقدامات اور سمندری راستوں کی بندش کے باعث جہاز نے اپنا رخ تبدیل کیا، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی جہاز کو جلد دوبارہ محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’خیرپور‘‘ نامی جہاز کویت سے کروڑوں لیٹر ڈیزل کراچی لا رہا تھا۔

رپورٹس کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے باوجود امریکا کی جانب سے ایرانی سمندری حدود کی ناکابندی برقرار ہے، جس کے باعث ایران نے آبنائے ہرمز کو مختصر وقت کے لیے کھولنے کے بعد دوبارہ بند کر دیا۔

اندازوں کے مطابق عارضی بحالی کے دوران 9 بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب ہوئے، تاہم بعد ازاں ایران نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسے دوبارہ بند کرنے کا فیصلہ کیا۔

شپنگ ذرائع کے مطابق ایرانی گن بوٹس نے ایندھن سے لدے دو بھارتی پرچم بردار جہازوں پر فائرنگ بھی کی جبکہ امریکی سینٹ کام نے 23 بحری جہازوں کو ممکنہ حملوں کی وارننگ دے کر راستہ تبدیل کرنے پر مجبور کیا۔