کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج کامیاب، بھارتی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان مستعفی

نئی دہلی (اے پی، دی انڈین ایکسپریس، ہندوستان ٹائمز، این ڈی ٹی وی، انڈیا ٹوڈے، اکنامک ٹائمز) بھارتی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے امتحانی پرچوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور طلبہ کے احتجاج کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھرمیندر پردھان نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم نریندر مودی کو بھجوا دیا ہے۔ دھرمیندر پردھان نے اپنے استعفے میں کہا کہ وہ طلبہ کے مستقبل کو طویل سیاسی اور قانونی تنازعات میں الجھنے سے بچانے کے لیے یہ فیصلہ کر رہے ہیں۔

کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے وزیرِ تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کئی ہفتوں سے جاری احتجاج کا مرکزی مطالبہ تھا، جبکہ طلبہ نے امتحانی پرچوں کے لیک ہونے اور امتحانی نظام میں بے ضابطگیوں پر حکومت سے جواب طلب کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جمعہ کو حکومت اور کاکروچ جنتا پارٹی کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات میں بھی مظاہرین نے واضح کیا تھا کہ وزیرِ تعلیم کے استعفے تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔

کاکروچ جنتا پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کے مطالبات باضابطہ طور پر تحریری شکل میں تسلیم کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پارٹی رہنما ابھیجیت دیپکے نے دھرمیندر پردھان کے استعفے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مؤقف تھا کہ موجودہ حکومت میں استعفے نہیں ہوتے، لیکن ہم نے کر دکھایا ہے۔

واضح رہے کہ امتحانی پرچوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف کاکروچ جنتا پارٹی نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج شروع کیا تھا، جس میں طلبہ نے دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔

احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، جبکہ طلبہ نے پولیس پر طاقت کے استعمال اور گرفتاریوں کے الزامات عائد کیے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق احتجاج کے باعث تحریک کو ملک کے مختلف حصوں میں بھی حمایت حاصل ہوئی۔

دھرمیندر پردھان نے اپنے استعفے میں کہا کہ جنتر منتر اور ملک بھر میں پیدا ہونے والی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وہ نہیں چاہتے کہ کسی طالب علم کا مستقبل قانونی پیچیدگیوں میں الجھے یا نوجوان اپنی تعلیم اور مستقبل پر توجہ دینے کے بجائے احتجاجی تنازع میں پھنس جائیں۔

دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے لیے ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ کاکروچ جنتا پارٹی اسے اپنے احتجاج کی بڑی کامیابی قرار دے رہی ہے۔