کوئٹہ(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں پیپلز ایئر ایمبولینس اور بے نظیر ایمبولینس سروس کا افتتاح کردیا۔یہ سروس بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں مریضوں کی فوری منتقلی اور ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کیلئےاستعمال ہوگی۔
منتظمین کے مطابق ایئر ایمبولینس میں جدید طبی آلات، آکسیجن سسٹم اور مانیٹرنگ مشینیں نصب کی گئی ہیں، جبکہ نوزائیدہ بچوں کی منتقلی کیلئے خصوصی انکیوبیٹر بھی موجود ہے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہریوں کو بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اور وسائل کی کمی کا مطلب یہ نہیں ہونا چاہیے کہ لوگوں کا علاج نہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ صحت کی سہولیات عوام کے گھروں کی دہلیز تک پہنچائی جائیں۔

