کوموروس میں ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس، شہریوں کا جشن

مورونی / کوموروس( اے ایف پی)مشرقی افریقہ کے جزیرہ نما ملک کوموروس میں حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے کا فیصلہ واپس لینے کے بعد دارالحکومت مورونی میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ رات سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد حکومت نے متنازعہ فیصلہ واپس لینے کا اعلان کیا۔حکومتی اعلان سے قبل ملک میں مرکزی ٹرانسپورٹرز یونین کی ہڑتال جاری تھی جس میں دکانداروں اور ماہی گیروں کی یونینز بھی شامل ہو گئی تھیں، جس کے باعث پورا ملک گزشتہ چھ روز سے مفلوج تھا۔

یونینز نے حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے نئے فیول پرائس شیڈول کو مسترد کر دیا تھا، جس میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات کے باعث ڈیزل کی قیمت میں 46 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کی واپسی کے بعد شہریوں نے سڑکوں پر جشن منایا اور حکومتی فیصلے کو عوامی دباؤ کی کامیابی قرار دیا۔