کیلگری میں پوسٹ گریجویشن ورک پرمٹ سے محروم بھارتی طلبہ کی بھوک ہڑتال

، “ہم نے یہاں تعلیم حاصل کی، ہمیں یہاں کام کرنے کا حق ہے”:طلباکی گفتگو

کیلگری ( بھارتی میڈیا، کینیڈین میڈیا)کینیڈا میں پوسٹ گریجویشن ورک پرمٹ (PGWP) مسترد کیے جانے کیخلاف احتجاج کرنے والے بھارتی طلبہ میں سے چند نے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ کئی روز سے احتجاج کے باوجود کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی، اس لیے حکام کی توجہ مبذول کرانے کیلئے چوبیس گھنٹے کی بھوک ہڑتال کا آغاز کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق تقریباً ایک ہزار طلبہ اس معاملے پر احتجاج کر رہے ہیں جبکہ ابتدائی مرحلے میں پانچ سے چھ طلبہ نے بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔

یہ تنازع ان طلبہ سے متعلق ہے جنہوں نے پورٹیج کالج کے تعاون سے کینیڈین انسٹی ٹیوٹ آف آسٹیوپیتھک تھراپی کے ڈپلومہ پروگرام میں تعلیم حاصل کی۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ کینیڈین امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ (IRCC) نے ان کی پوسٹ گریجویشن ورک پرمٹ کی درخواستیں یہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے مسترد کر دیں کہ ان کا پروگرام ورک پرمٹ کے لیے اہل نہیں ہے۔

کینیڈا میں پوسٹ گریجویشن ورک پرمٹ کا اجراء اس تعلیمی پروگرام اور تعلیمی ادارے کی اہلیت پر منحصر ہوتا ہے جہاں سے طالب علم نے تعلیم مکمل کی ہو۔

طلبہ کے مطابق جب انہوں نے داخلہ لیا تھا تو ان کا پروگرام اور ادارہ دونوں ورک پرمٹ کے لیے اہل قرار دیے گئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ دو سالہ پروگرام کے لیے تقریباً 32 ہزار ڈالر ادا کرنے اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہیں بتایا گیا کہ اب نہ تو ان کا پروگرام اور نہ ہی ادارہ ورک پرمٹ کے لیے اہل ہے۔

پورٹیج کالج کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ امیگریشن سے متعلق اس مسئلے سے آگاہ ہے، تاہم پوسٹ گریجویشن ورک پرمٹ سے متعلق فیصلے مکمل طور پر آئی آر سی سی کرتی ہے اور کالج کا اس میں کوئی کردار نہیں۔ کالج کے مطابق اس نے معاملے پر وضاحت کے لیے امیگریشن حکام سے رابطہ کیا ہے۔

ادھر پورٹیج کالج کے بعض پارٹنر کیمپسز نے اپنی فزیکل شاخیں بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ کالج کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پوسٹ گریجویشن ورک پرمٹ کے تنازع سے متعلق نہیں بلکہ اس کی منصوبہ بندی 2024 سے جاری تھی۔

احتجاج کرنے والے طلبہ کا مطالبہ ہے کہ ان کے ورک پرمٹ مسترد کیے جانے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کینیڈا میں تعلیم حاصل کی ہے، اسلئے یہیں کام کرنے کا حق ملنا چاہیے۔

طلبہ کے مطابق تعلیم مکمل کرنے کے دو سال بعد انہیں بتایا گیا کہ ان کا ڈپلومہ نان کریڈٹ پروگرام کے زمرے میں آتا ہے، جبکہ نان کریڈٹ پروگرام کے فارغ التحصیل طلبہ پوسٹ گریجویشن ورک پرمٹ کے اہل نہیں ہوتے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ متعلقہ تبدیلی جون 2026 میں ویب سائٹ پر کی گئی، جبکہ دو سال قبل داخلے کے وقت انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کا پروگرام پوسٹ گریجویشن ورک پرمٹ کیلئےاہل ہے۔