ٹورنٹو ( ڈرہم ریجنل پولیس سروس، رائل کینیڈین ماونٹڈ پولیس)کینیڈا کی ڈرہم ریجنل پولیس سروس نے ’’پروجیکٹ جیٹ سیٹر‘‘ کے تحت مجرمانہ سیاحت (کرمنل ٹورازم) کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف تحقیقات کے دوران 46 افراد کو گرفتار جبکہ 164 مشتبہ افراد کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں ان منظم گروہوں کیخلاف کی گئیں جو بیرون ملک سے کینیڈا آ کر مالی فائدے کے لیے مختلف جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں۔ ان جرائم کا تعلق بین الاقوامی مجرمانہ نیٹ ورکس سے جوڑا جا رہا ہے اور یہ سرگرمیاں منصوبہ بندی کے تحت انجام دی جاتی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نو سے زائد بڑی تحقیقات اور پانچ ہزار سے زیادہ تحقیقاتی گھنٹوں کے دوران دو سو سے زائد ایسے واقعات کی نشاندہی کی گئی جن کے نتیجے میں صرف ڈرہم ریجن میں 26 لاکھ 10 ہزار کینیڈین ڈالر سے زائد مالی نقصان ہوا۔
تحقیقات کے مطابق ان گروہوں کی سرگرمیوں میں بڑے پیمانے پر ریٹیل چوری، گاڑیوں کی خریداری میں دھوکا دہی، گاڑیوں کی فنانسنگ فراڈ، انشورنس فراڈ کیلئے جعلی ٹریفک حادثات، زیورات چرانے کیلئےتوجہ ہٹانے کی وارداتیں اور گاڑیوں سمیت قیمتی سامان کی چوری اور بیرون ملک منتقلی شامل ہیں۔
پولیس نے خاص طور پر زیورات چھیننے کی وارداتوں میں اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان عوامی مقامات یا گھروں کے باہر مدد یا تحفے کا بہانہ بنا کر، خصوصاً بزرگ شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں اور دھوکے سے ان کے زیورات چرا لیتے ہیں۔
ڈرہم ریجنل پولیس کے مطابق یہ جرائم نہ صرف کاروباری اداروں بلکہ عام شہریوں، خصوصاً بزرگ افراد کی مالی اور ذاتی سلامتی کیلئےبھی خطرہ بن رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 2019 سے جاری تحقیقات کے دوران اب تک 1440 سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور مزید ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کیلئےکارروائیاں جاری ہیں۔ رائل کینیڈین ماونٹڈ پولیس سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے مختلف علاقوں میں ان نیٹ ورکس کیخلاف مشترکہ کارروائیاں بھی جاری رکھی جائیں گی۔
پولیس نے شہریوں اور کاروباری افراد کو محتاط رہنے، مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دینے اور دھوکا دہی سے متعلق جرائم کی روک تھام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔

