مونٹریال(اے ایف پی، مقامی پولیس، الجزیرہ)مونٹریال میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک پولیس اہلکار، ایک شہری اور مشتبہ حملہ آور سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی صورتحال ابھی مکمل طور پر واضح نہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران دو پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ایک مشتبہ حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مونٹریال کے کوٹ-دے-نیژ علاقے میں ایک مسلح اور خطرناک حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی شروع کی تھی اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
پولیس نے بعد ازاں تصدیق کی کہ ایک پولیس اہلکار دورانِ ڈیوٹی ہلاک ہوا ہے تاہم واقعے کے محرکات ابھی تک واضح نہیں ہو سکے اور کسی ممکنہ وجہ کا اعلان نہیں کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور مزید تفصیلات جلد سامنے آنے کا امکان ہے۔

