کینیڈا میں دوسری جنگِ عظیم اور کوریا جنگ کے صرف 4 ہزار 306 سابق فوجی حیات ہیں

اوٹاوا (کینیڈین پریس) کینیڈا میں دوسری جنگِ عظیم اور کوریا کی جنگ میں حصہ لینے والے سابق فوجیوں کی تعداد کم ہوکر 4 ہزار 306 رہ گئی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں کمی ہے۔

کینیڈا کے محکمہ امورِ سابق فوجیان کے مطابق گزشتہ سال ان دونوں جنگوں میں حصہ لینے والے زندہ سابق فوجیوں کی تعداد 5 ہزار 649 تھی، جو رواں سال کم ہوکر تقریباً 4 ہزار 306 رہ گئی ہے۔

محکمے کا کہنا ہے کہ اس سال دوسری جنگِ عظیم اور کوریا کی جنگ کے سابق فوجیوں کی الگ الگ تعداد دستیاب نہیں، اسی طرح مرد اور خواتین سابق فوجیوں کے اعداد و شمار بھی فراہم نہیں کیے گئے۔

گزشتہ سال کے اعداد و شمار کے مطابق دوسری جنگِ عظیم کے 3 ہزار 691 اور کوریا کی جنگ کے ایک ہزار 909 سابق فوجی حیات تھے۔

رپورٹ کے مطابق دوسری جنگِ عظیم میں حصہ لینے والے بیشتر سابق فوجیوں کی عمریں 90 برس سے تجاوز کرچکی ہیں اور وہ اب 100 برس کے قریب پہنچ رہے ہیں، جبکہ کوریا کی جنگ میں شریک سابق فوجیوں کی عمریں 90 سے 95 برس کے درمیان ہیں۔

واضح رہے کہ کینیڈا ہر سال 11 نومبر کو یومِ یادگار مناتا ہے، جس میں جنگوں کے دوران ملک کے لیے خدمات انجام دینے والے فوجیوں اور جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔