کینیڈا ڈے پر عالمی شہرت یافتہ گلوکار لی برائس اور ایمرسن ڈرائیو کی پرفارمنس ہوگی

برامپٹن(نمائندہ خصوصی)کینیڈا کے یومِ آزادی کی مناسبت سے برامپٹن میں یکم جولائی کو چنگوکاوسی پارک میں سالانہ کینیڈا ڈے کی شاندار تقریبات منعقد ہوں گی، جہاں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ سٹی آف برامپٹن کی جانب سے دن بھر جاری رہنے والی تقریبات میں موسیقی، خاندانی تفریح، کھانے پینے کے اسٹالز، بچوں کی سرگرمیوں اور رات کو آتش بازی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔

تقریب دوپہر بارہ بجے شروع ہو کر رات دس بجے تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ کنٹری موسیقی کے گلوکار لی برائس اور معروف کنٹری بینڈ ایمرسن ڈرائیو اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے جبکہ بچوں اور خاندانوں کیلئے جھولوں، تفریحی سرگرمیوں اور مختلف کھیلوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ رات کے اختتام پر ٹم ہارٹنز کے تعاون سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ پیش کیا جائے گا۔

برامپٹن کی یہ تقریب شہر کا سب سے بڑا سالانہ عوامی میلہ تصور کی جاتی ہے، جس کا مقصد کینیڈا کی ثقافتی تنوع، ہم آہنگی اور اجتماعی جذبے کو اجاگر کرنا ہے۔ اس سال کی تقریبات کو پرفارمنس آٹو گروپ، سی آئی بی سی اور اسکائی ڈوم گروپ آف کمپنیز کی سرپرستی حاصل ہے۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تقریب میں شریک افراد کی حفاظت اولین ترجیح ہے، جس کیلئے غیرمعمولی سیکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پارک کے اطراف حفاظتی باڑ لگائی جائے گی اور صرف مخصوص داخلی و خارجی راستے کھلے ہونگے۔ تمام داخلی راستوں پر سیکیورٹی اہلکار موجود ہونگے جہاں بیگز اور دیگر سامان کی مکمل تلاشی لی جائیگی ۔

تقریب میں اسلحہ، دھاردار اشیا، غیرقانونی منشیات، آتش گیر مواد، ذاتی آتش بازی، ڈرون، لیزر پوائنٹر، شراب اور دیگر ممنوعہ اشیا لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انتظامیہ کے مطابق اگر کوئی شخص مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کرے گا تو اسے تقریب میں داخل ہونے سے روکا جا سکتا ہے یا تقریب سے باہر نکالا جا سکتا ہے۔

سٹی آف برامپٹن، تقریب کے منتظمین اور پیل ریجنل پولیس مشترکہ طور پر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے جبکہ تقریب کے دوران پولیس کی نمایاں موجودگی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ شرکاء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آمد سے قبل حفاظتی ہدایات اور ممنوعہ اشیا کی فہرست کا جائزہ لیں، اضافی وقت رکھ کر آئیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

انتظامیہ نے بتایا کہ گھروں سے کھانا، غیرالکحل مشروبات، کولر، کرسیاں، کمبل، بچوں کی گاڑیاں، خیمے اور پٹے سے بندھے پالتو جانور لانے کی اجازت ہوگی۔

کینیڈا ڈے کے موقع پر ٹریفک کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ متعدد سڑکیں بند رہیں گی جبکہ پارکنگ کی سہولت انتہائی محدود ہوگی، اس لیے شہریوں کو پیدل، سائیکل یا مفت برامپٹن ٹرانزٹ شٹل سروس استعمال کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ شٹل بسیں ماؤنٹ پلیزنٹ گو اسٹیشن، ٹرینیٹی کامن مال، شیریڈن کالج اور گور میڈوز کمیونٹی سینٹر سے ہر تیس منٹ بعد دوپہر سے رات تک چلتی رہیں گی۔

رات کے اختتام پر ٹم ہارٹنز کے تعاون سے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔ سٹی انتظامیہ نے یاد دلایا ہے کہ برامپٹن میں شہریوں کے لیے ذاتی طور پر آتش بازی فروخت کرنا، رکھنا یا استعمال کرنا قانوناً ممنوع ہے، البتہ سرکاری تقریبات میں اس کی اجازت ہے جبکہ صرف ہاتھ میں پکڑے جانے والے اسپارکلرز استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

سٹی آف برامپٹن نے ایک مرتبہ پھر مقامی قدیم باشندوں کے ساتھ مفاہمت اور سچائی کے عمل سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2020 میں اختیار کی گئی پالیسی کے تحت مقامی اقوام کے حقوق، ان کی ثقافت اور تاریخی معاہدوں کے احترام کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور اسی مقصد کے تحت مقامی برادریوں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔

برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ کینیڈا ڈے شہر کی سب سے بڑی سالانہ تقریبات میں شامل ہے جو مختلف ثقافتوں اور برادریوں کو ایک جگہ جمع کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں افراد کی متوقع آمد کے پیش نظر شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے جامع سیکیورٹی منصوبہ تیار کیا گیا ہے تاکہ ہر شخص محفوظ اور خوشگوار ماحول میں جشن منا سکے۔

پیل ریجنل پولیس کے سربراہ نشان درائی اپاہ نے کہا کہ پولیس نے سٹی آف برامپٹن کے ساتھ مل کر جامع حفاظتی منصوبہ تشکیل دیا ہے، جس کے تحت اضافی نفری، مربوط نگرانی اور مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عوام اعتماد کے ساتھ اس اہم قومی تقریب میں شرکت کر سکیں۔