شارلٹ ٹاؤن (نمائندہ خصوصی)کینیڈا کی وفاقی حکومت نے زرعی خوراک (ایگری فوڈ) کے شعبے کو مضبوط بنانے اور غذائی تحفظ بڑھانے کیلئےنیچرل پروڈکٹس کینیڈا (NPC) کے منصوبے میں 5 کروڑ کینیڈین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
اعلان وفاقی وزیر زراعت و زرعی خوراک ہیتھ میکڈونلڈ نے وزیر صنعت میلانیا جولی کی جانب سے، رکن پارلیمنٹ شان کیسی کے ہمراہ، پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ کے شہر شارلٹ ٹاؤن میں کیا۔
حکومت کے مطابق یہ سرمایہ کاری اسٹریٹجک رسپانس فنڈ کے تحت 9 کروڑ 48 لاکھ ڈالر مالیت کے منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد جدید زرعی و غذائی ٹیکنالوجیز کو تجارتی بنیادوں پر فروغ دینا، مقامی خوراک کی پیداوار میں اضافہ، سپلائی چین کو مضبوط بنانا اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے 550 سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، معیشت میں 1.8 ارب ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ہوگا، جبکہ ایک نیا کیپیسٹی بلڈنگ فنڈ بھی قائم کیا جائے گا، جو خوراک کی تیاری اور پروسیسنگ کی صنعت میں سرمایہ کاری کو فروغ دے گا۔
وفاقی وزیر صنعت میلانیا جولی نے کہا کہ قومی غذائی تحفظ کی نئی حکمت عملی کے تحت کینیڈا کی خوراک کی پیداوار، سپلائی چین اور غذائی خودکفالت کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو معیاری اور سستی خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
وزیر زراعت ہیتھ میکڈونلڈ نے کہا کہ کسان اور زرعی خوراک کی صنعت مضبوط معیشت اور محفوظ غذائی نظام کی بنیاد ہیں، جبکہ حکومت اس شعبے میں جدت اور سرمایہ کاری کے ذریعے پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
نیچرل پروڈکٹس کینیڈا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر شیلی کنگ نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری کینیڈا میں قدرتی اور حیاتیاتی مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیوں کی معاونت، غذائی تحفظ کے فروغ اور بایو اکانومی کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

