اسلام آباد/اوٹاوا (مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند اس ہفتے پاکستان اور فلپائن کا دورہ کریں گی، جہاں وہ ہند و بحرالکاہل (انڈو پیسیفک) خطے میں کینیڈا کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گی۔
گلوبل افیئرز کینیڈا کے مطابق انیتا آنند پاکستان میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گی۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا کے کسی وزیرِ خارجہ کا تقریباً 20 برس بعد پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے، جسے پاک۔کینیڈا تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیرِ خارجہ انیتا آنند 22 جولائی کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان (ASEAN) پوسٹ منسٹریل کانفرنس پلس کینیڈا میں شرکت کریں گی، جہاں آسیان کے 11 رکن ممالک اور کینیڈا کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ 2027ء میں دونوں کے تعلقات کے 50 برس مکمل ہونے کی تقریبات کی تیاریوں پر بھی غور کیا جائے گا۔
23 جولائی کو انیتا آنند آسیان ریجنل فورم میں بھی شریک ہوں گی، جہاں وہ خطے اور دنیا کو درپیش اہم سکیورٹی چیلنجز پر اپنے ہم منصبوں سے تبادلۂ خیال کریں گی۔ اجلاس میں میانمار کا بحران، مشرقی اور جنوبی بحیرۂ چین کی کشیدگی، شمالی کوریا کے غیرقانونی ہتھیاروں کے پروگرام، یوکرین میں روس کی جنگ، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور آبنائے ہرمز کی تازہ صورتِ حال سمیت مختلف امور زیرِ بحث آئیں گے۔
دورۂ منیلا کے دوران کینیڈا کی وزیرِ خارجہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گی، جن میں تجارتی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بات چیت ہوگی۔
گلوبل افیئرز کینیڈا کے مطابق یہ دورہ کینیڈا کی انڈو پیسیفک حکمتِ عملی کے تحت خطے کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔

