گلگت بلتستان(اے پی پی، بی بی سی)گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اتحاد کے تحت نئی حکومت بننے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان ممکنہ معاہدے کے تحت گلگت بلتستان میں پی ڈی ایم طرز کا اتحاد قائم کیا جا سکتا ہے، جس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) مل کر حکومت تشکیل دیں گی۔
اطلاعات کے مطابق مجوزہ فارمولے کے تحت وزیراعلیٰ کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے جبکہ گورنر کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہونے کا امکان ہے۔ اتحادی حکومت میں وزارتوں کی تقسیم 60 اور 40 کے تناسب سے کیے جانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی تھی، جس میں گلگت بلتستان کے انتخابی معاملات اور آزاد کشمیر کی صورتحال سمیت قومی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزراء اور اہم حکومتی شخصیات کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت بھی شریک تھی، جن میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنما شامل تھے۔

