یمن: حوثیوں کا سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی کا اعلان

صنعاء (خبر ایجنسیاں)یمن کی حوثی تنظیم انصار اللہ نے سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر صنعاء بین الاقوامی ہوائی اڈے کی بندش برقرار رہی تو سعودی حکومت کے خلاف فوجی کارروائیاں مزید تیز کر دی جائیں گی۔

خبر ایجنسی کے مطابق انصار اللہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں سے حوثی قیادت مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتی آ رہی ہے کہ صنعاء ایئرپورٹ کی بندش ناقابل قبول ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، جس کے بعد عسکری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یمن کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی اور صنعاء بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملوں کا مناسب جواب دیا جائے گا، جبکہ سعودی عرب کے خلاف بحری کارروائیوں کا دائرہ بھی وسیع کیا جائے گا۔

حوثی قیادت نے کہا کہ جب تک صنعاء ایئرپورٹ کی بندش ختم نہیں کی جاتی اور یمن پر عائد پابندیوں میں نرمی نہیں لائی جاتی، ان کے جوابی اقدامات جاری رہیں گے۔