تہران(ایرانی میڈیا، رائٹرز، اے ایف پی)ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار اور اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ یکطرفہ معاہدوں کا دور ختم ہو چکا ہے اور فریقین کو اپنے وعدوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف نے لکھا کہ “ہم پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ یا اپنے وعدے پورے کریں یا پھر اس کی قیمت ادا کریں۔” انہوں نے مزید کہا کہ “حقیقت اب دروازہ کھٹکھٹا رہی ہے۔”
قالیباف نے اپنی پوسٹ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) کے آرٹیکل 5 کی تصویر بھی شیئر کی، جس میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق شق شامل ہے۔ تصویر میں “اسلامی جمہوریہ ایران انتظامات کرے گا” کے الفاظ کو نمایاں کیا گیا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حالیہ تنازع کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمد و رفت کے کنٹرول اور انتظامی امور پر اختلافات نمایاں ہوئے ہیں، جس کے بعد خطے میں فوجی کارروائیوں اور کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

