مونٹریال(سی بی سی نیوز، کیوبیک وزارتِ تعلیم)کیوبیک حکومت نے مونٹریال کے بیڈفورڈ ایلیمنٹری اسکول سے منسلک 11 اساتذہ کے لائسنس منسوخ کر دیے ہیں جن پر ایک “زہریلا تعلیمی ماحول” پیدا کرنے کے الزامات تھے۔
وزارتِ تعلیم کے مطابق یہ فیصلہ 2024 کی تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ بعض اساتذہ پر تدریسی فرائض میں غفلت اور غیر معیاری تدریسی طریقوں کے استعمال کے الزامات سامنے آئے تھے۔اسی روز وزارت نے اس معاملے سے متعلق اپنی حتمی رپورٹ بھی جاری کی، جس میں بیڈفورڈ اسکول کی صورتحال اور اصلاحی اقدامات کا جائزہ پیش کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسکول میں صورتحال پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے، تاہم بعض اصلاحاتی اقدامات ابھی مکمل نہیں ہوئے اور مزید نگرانی کی ضرورت ہے۔حکام کے مطابق اسکول میں مجموعی طور پر 38 خلاف ورزیاں نوٹ کی گئی تھیں، جن میں طلبا کے ساتھ رویے اور تعلیمی معیار سے متعلق مسائل شامل تھے۔
بیڈفورڈ اسکول تنازع نے کیوبیک میں سیکولر تعلیمی پالیسیوں پر بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس کے بعد حکومت نے بعض پالیسیوں کو مزید سخت کر دیا ہے۔تعلیمی حکام کے مطابق اسکول میں اب انتظامی حالات بہتر ہوئے ہیں اور طلبا کے ماحول میں بھی بہتری دیکھی گئی ہے، تاہم اساتذہ یونین نے حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے شفافیت پر سوالات اٹھائے ہیں اور اساتذہ کے دفاع کا اعلان کیا ہے۔

