اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان سمیت 14 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں نام نہاد صومالی لینڈ کے سفارتخانے کے افتتاح کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے پر پاکستان، مصر، سعودی عرب، قطر، اردن، لبنان، ترکیہ، انڈونیشیا، جبوتی، صومالیہ، فلسطین، عمان، سوڈان اور یمن کے وزرائے خارجہ نے دستخط کیے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں نام نہاد صومالی لینڈ کا سفارتخانہ کھولنا بین الاقوامی قانون اور عالمی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے جبکہ بیت المقدس کی قانونی اور تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی کسی بھی یکطرفہ کوشش کو مسترد کیا جاتا ہے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق مشرقی بیت المقدس 1967 سے مقبوضہ فلسطینی علاقہ ہے اور اس کی حیثیت تبدیل کرنے کے تمام اقدامات کالعدم، غیر قانونی اور ناقابل قبول ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف کسی بھی اقدام کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی وحدت، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صومالیہ کی سرزمین کے اتحاد کو نقصان پہنچانے والے ہر یکطرفہ اقدام کو مسترد کرتے ہیں۔
مشترکہ اعلامیے میں زور دیا گیا کہ عالمی برادری مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی قانونی حیثیت کے تحفظ اور بین الاقوامی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

