200 کروڑ روپے بھتہ خوری کیس، بالی ووڈ اداکارہ نورا فتحی عدالت طلب

نئی دہلی (خبر ایجنسیاں)بالی ووڈ اداکارہ اور ڈانسر نورا فتحی کو 200 کروڑ بھارتی روپے کی بھتہ خوری کے مقدمے میں بطور سرکاری گواہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے طلب کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کی راؤز ایونیو عدالت نے 34 سالہ نورا فتحی کو مبینہ ٹھگ سکیش چندرشیکھر کے خلاف بھتہ خوری کے مقدمے میں طلب کیا ہے۔

سکیش چندرشیکھر پر الزام ہے کہ اس نے روہنی جیل میں قید کے دوران خود کو سرکاری افسر ظاہر کرکے رین بیکسی کے سابق پروموٹر کی اہلیہ سے 200 کروڑ بھارتی روپے وصول کیے تھے۔

مقدمے کی تحقیقات دہلی پولیس کا شعبہ انسداد معاشی جرائم کر رہا ہے۔ نورا فتحی نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا تھا کہ ان کا سکیش چندرشیکھر سے رابطہ صرف اس کی اہلیہ کے ذریعے ہوا تھا۔

اداکارہ کے اس بیان کے بعد انہیں مقدمے کی تیسری ضمنی فردِ جرم میں گواہ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔