21 واں سالانہ ٹی ڈی موزیک فیسٹیول 31 جولائی اور یکم اگست کو مسی ساگا میں ہوگا

مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے ) کمیونٹی آرٹس انیشی ایٹو (سی سی اے آئی) کے زیرِ اہتمام 21 واں سالانہ ٹی ڈی موزیک، جنوبی ایشیائی ثقافتی میلہ 31 جولائی اور یکم اگست کو سیلیبریشن اسکوائر، مسی ساگا میں منعقد ہوگا، جہاں موسیقی، ثقافت، رقص، فنونِ لطیفہ، روایتی کھانوں، خریداری اور خاندانی تفریح کے رنگا رنگ پروگرام پیش کیے جائیں گے۔

دو روزہ فیسٹیول میں جنوبی ایشیا اور کینیڈا کے نامور فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس سال اسٹیج پر معروف پاکستان سے تعلق رکھنے والی صوفی گلوکارہ صنم ماروی، انڈین آئیڈل کے فاتح گلوکار و یبھَو گپتا، عالمی شہرت یافتہ بینڈ دہلی ٹو ڈبلن، معروف موسیقار شیلم زیویئر،فلم اورٹی وی کے معروف فنکار علی کاظمی، بالی ووڈ ڈانس اسکول، جادو انٹرٹینمنٹ سمیت متعدد فنکار اور ثقافتی گروپس اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

منتظمین کے مطابق فیسٹیول میں ہر عمر کے افراد کیلئےخصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں بچوں کیلئے تفریحی پروگرام، ثقافتی نمائشیں، جنوبی ایشیائی اور عالمی کھانوں کے اسٹالز، خریداری کے مواقع اور مختلف ثقافتی و تفریحی پروگرام شامل ہیں۔

فیسٹیول میں شرکت کیلئےداخلہ اور پارکنگ مکمل طور پر مفت ہوگی۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے اور یہ فیسٹیول مسی ساگا کی کثیرالثقافتی شناخت کو مزید اجاگر کریگا۔

اس سال فیسٹیول کے ٹائٹل اسپانسر ٹی ڈی بینک گروپ ہیں جبکہ اس کے انعقاد میں کمیونٹی آرٹس انیشی ایٹو (سی سی اے آئی)، کینیڈین ہیریٹیج، حکومتِ کینیڈا، حکومتِ اونٹاریو، اونٹاریو آرٹس کونسل، سٹی آف مسی ساگا، مسی ساگا آرٹس کونسل، مسی ساگا: اے کلچرل کینوس اور او سی اے ایف ایم سی او تعاون کر رہے ہیں۔فیسٹیول کے دوران لائیو موسیقی، رقص، ثقافتی پرفارمنس، بچوں کی سرگرمیاں،مختلف اقسام کے کھانے اور خریداری کے مواقع شرکا کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔